بیروت،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام میں غوطہ ریجن کے قصبے نشابیہ میں اتوار کے روز اقوام متحدہ کی امداد پہنچ گئی۔ اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسی کے ذرائع کے مطابق شامی حکومتی افواج کے زیرِ محاصرہ قصبے میں گزشتہ پانچ برسوں میں پہنچنے والی یہ پہلی امداد ہے۔نشابیہ قصبہ دمشق کے مشرقی غوطہ ریجن میں واقع ہے۔ روس، ایران اور ترکی کے درمیان طے پائے گئے معاہدے کے مطابق یہ ریجن سیف زون میں شامل ہے۔اقوام متحدہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز پہنچنے والی انسانی امداد 7200افراد میں تقسیم کی گئی۔ یہ امداد غذائی اور غیر غذائی اشیاء پر مشتمل ہے۔اس سے قبل روس نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ غوطہ میں 10ہزار ٹن سے زیادہ غذائی امداد بانٹے گا۔ تاہم اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق حالیہ امداد عمومی شکل میں ریجن کے واسطے ناکافی ہے۔